بونیر:پاکستان میں خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر کے دور افتادہ گاؤں برشمنال کے رہائشی ماہانہ صرف سو روپے بجلی بل اد ا کرتے ہیں، ایک رہائشی اسلام محمد گھر میں 24 گھنٹے بجلی استعمال کرنے کے ماہانہ صرف 100 روپے ادا کرتے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق اسلام محمد کا کہنا ہے کہ ان کے ایک پڑوسی نے گاؤں کے بیچ و بیچ گزرنے والے ایک برساتی نالے پر چند سال قبل چھوٹا پن بجلی گھر بنایا تھا جس سے قریب کے سب گھروں کو بجلی فراہم کی جاتی ہے۔
اسی بجلی سے ان گھروں میں لائٹ، فریج، پنکھے، واشنگ مشین اور استری استعمال کرنے کی سہولت پیدا ہوئی۔ایسے چھوٹے پن بجلی گھر بنانے والوں میں سے ایک شوکت علی نے آٹھ سال پہلے دس لاکھ روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ تعمیر کروایا تھا جو اب 150 سے زیادہ گھروں کو بجلی فراہم کرتا ہے۔