گھر سے کام کرنیوالے افراد کیلئے اٹلی میں مفت رہائش کی پیشکش

اگر آپ ابھی گھر پر رہ کر کام کررہے ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل قریب میں برقرار رہنے کا امکان ہے تو پھر آپ اٹلی کے ایک خوبصورت مقام میں منتقل ہوکر ایسا کرسکتے ہیں۔

کووڈ 19 کی وبا کے بعد سے ورک فرام ہوم بیشتر افراد کی زندگی کا معمول بن چکا ہے، یعنی دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی، تو وہ اپنے کام کے ساتھ دنیا کو دیکھنے کو بھی کوشش کررہے ہیں۔

ایسے افراد کو ڈیجیٹل نوماڈ بھی کہا جاتا ہے جو اپنے کام کو دنیا کے مختلف حصوں میں گھومتے ہوئے کرتے ہیں۔

اٹلی کے خطے سارڈینیا کے ایک قصبے کی جانب سے دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کے لیے دلچسپ پروگرام متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت وہ وہاں مفت رہائش اختیار کرکے اپنا کام کر سکتے ہیں۔

Ollolai نامی قصبے کے اس پروگرام کا اعلان کچھ ماہ پہلے ہوا تھا اور اب وہاں پہلے فرد کی آمد ہوئی ہے۔

امریکا سے تعلق رکھنے والی 39 سالہ Clarese Partis سافٹ ویئر ڈیزائنر ہیں اور وہ اس پروگرام کے تحت اس قصبے میں آئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 'مجھے شہری زندگی کی رفتار میں تبدیلی کی ضرورت تھی، اس کے لیے پہاڑیوں اور خوبصورت ساحلوں والے اس قصبے سے بہتر مقام کونسا ہوسکتا ہے'۔

وسطی سارڈینیا میں واقع اس قصبے میں اٹلی کی ثقافت کے تمام رنگ موجود ہیں۔

اس خوبصورت قصبے کی آبادی میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور گزشتہ 100 سال کے دوران وہ 2250 سے گھٹ کر 1300 رہ گئی ہے۔

یہ وہ مسئلہ ہے جس کا سامنا اٹلی کے متعدد علاقوں کو ہے اور ان کی جانب سے لوگوں کو وہاں بسانے کے لیے ایک یورو میں گھر بھی دیے جا رہے ہیں۔

Ollolai نے بھی 2018 میں ایک یورو میں گھر دینے کی اسکیم متعارف کرائی تھی جو کامیاب ثابت ہوئی۔

اس قصبے کے میئر Francesco Columbu کے مطابق 'وہ اسکیم بہت زیادہ کامیاب ہوئی اور متعدد غیر ملکی افراد یہاں آکر بس گئے'۔

اب میئر کی جانب سے ورک فرام Ollolai پروگرام پیش کیا گیا تاکہ اس قصبے کو ڈیجیٹل نوماڈز کے لیے ہب بنایا جا سکے۔

اس مقصد کے لیے 20 ہزار یورو کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور اگلے 2 برسوں میں اس جگہ متعدد ڈیجیٹل نوماڈز کی میزبانی کی جائے گی۔

مگر پروگرام کے تحت ایک وقت میں صرف ایک فرد Ollolai میں 3 ماہ تک قیام کر سکے گا (یہ غیر یورپی افراد کے لیے ویزا کے بغیر قیام کی مدت کی حد ہے)۔

ڈیجیٹل نوماڈز کو اس مقصد کے لیے دسمبر کے آخر تک ایک ویب سائٹ پر اپلائی کرنا ہوگا۔

اس پروگرام کا حصہ بننے والے افراد کو ان گھروں میں قیام کا موقع فراہم کیا جائے گا جو پہلے کاشتکاروں کی ملکیت تھے، جن کو میئر کی جانب سے دفاتر میں تبدیل کرکے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کنکشن فراہم کیا جائے گا۔

ان گھروں میں رہنے والے افراد کے کرائے، یوٹیلیٹی بلوں اور سروسز ٹیکس جیسے اخراجات مقامی حکام ادا کریں گے، البتہ ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کا خرچہ لوگوں کو خود برداشت کرنا ہوگا۔

Clarese Partis کے مطابق یہاں کے رہائشی کھلے دل سے غیر ملکیوں کا استقبال کرتے ہیں۔