پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ایڈووکیٹ خالد محمود نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے سائیکل پر ملیر کورٹ کا رُخ کرلیا۔
کراچی کے ملیر کورٹ میں سائیکل پر پہنچنے والے ایڈووکیٹ خالد محمود کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے وکلا کے لئے بھی مشکلات کھڑی کردی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ میں بطور احتجاج سائیکل پر عدالت آیا ہو
ایڈووکیٹ خالد محمود نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ پیٹرول کی سواری ترک کریں اور سائیکل استعمال کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ غریب اور دہاڑی دار طبقہ پریشان ہے کہ گھر کا کرایہ دے یا پیٹرول ڈلوائے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ حکمراں طبقے کے لیے پیٹرول اور بجلی مفت ہے، عوام کے لئے سب کچھ مہنگا اور ناپید کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17.34روپے کا اضافہ کیا تھا۔
بھاری اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 331.38 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 329.18 روپے ہوگئی۔