اسرائیل سےتعلقات پرفیصلہ قومی مفادات میں کریں گے ، وزیر خارجہ

وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل سےتعلقات پرفیصلہ قومی مفادات میں کریں گے۔

ایک بیان میں وزیرخارجہ نے کہاکہ اسرائیل سے تعلقات پر پاکستان اپنا فیصلہ ملکی مفادات میں کرے گا جب کہ فلسطینی عوام کے مفادات کو بھی مدِنظر رکھا جائے گا۔

اسرائیلی وزیرخارجہ نے دو روز قبل چھ سے سات مسلم ملکوں سے جلد تعلقات کی بحالی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ امن کا مطلب مسلم دنیا اور یہودیوں کے درمیان امن ہے۔

ایلی کوہن نے گزشتہ ماہ لیبیا کے وزیرخارجہ سے ملاقات کے بعد لیبیا سے تعلقات کی جلد بحالی کا دعویٰ کیا تھا جس پر لیبیا کی حکومت نے اپنی وزیرخارجہ کو برطرف کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔