قرآن پاک تصحیح شدہ ترجمہ کیس: نگراں وزیراعظم ، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب لاہور ہائیکورٹ طلب 8 ماہ سے وفاقی حکومت کی رپورٹ نہیں آئی، عدالت

لاہور ہائیکورٹ نے قرآن پاک کے تصحیح شدہ ترجمہ سے متعلق کیس میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو 16 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں قرآن پاک کی تصحیح شدہ ترجمہ سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس شجاعت علی خان نے کی۔

عدالت نے نگراں وزیراعظم کو16 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی آئندہ سماعت پرطلب کرلیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ 8 ماہ سے وفاقی حکومت کی رپورٹ نہیں آئی۔

وفاق کے وکیل کی جانب سے یہ کہنے پرکہ، ’ہم رپورٹس جمع کروادیتے ہیں‘ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ یہاں سیرکرنے آئے ہیں،کیوں رپورٹ جمع نہیں ہوئی ؟ یہ کیس نہ آپ کا ہے نہ عدالت کا یہ ہم سب کا ہے۔

جسٹس شجاعت علی خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پھر ملک کے چیف ایگزیکٹو کو بلا لیتے ہیں ،نگراں وزیراعظم آکر خود جواب دے دیں، لگتا ہے نگراں وزیراعظم کے سامنے معاملہ رکھا ہی نہیں گیا۔

وفاق کے وکیل کی جانب سے مزید مہلت کی استدعا پر عدالت نے ریمارکس دہیے کہ آپ سنجیدہ ہوتے تو ہمیں کوئی رپورٹ لازمی جمع کرواتے۔ نگراں وزیراعظم پیش ہوکر اپنی پوزیشن واضح کریں۔