چین میں نگران پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اجتماعی حکمت عملی اور باہمی تعاون پر زور دیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماں کی ملاقات چین کے خودمختار علاقے تبت میں ٹرانس ہمالیہ فورم اجلاس کی سائیڈلائن میں ہوئی۔
ملاقات میں جلیل عباس جیلانی نے افغانستان سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی امن و استحکام کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی حکمت عملی اور باہمی تعاون پر زور دیا۔
خیال رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب پاکستان میں غیر قانونی مقیم تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی نے غیرقانونی مقیم تارکین وطن کو پاکستان چھوڑنے کے لیے یکم نومبر کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ غیرقانونی طورپر مقیم غیر ملکی یکم نومبر سے قبل واپس چلے جائیں، یکم نومبر کے بعد ٹاسک فورس غیر قانونی پراپرٹیز کے خلاف کارروائی کرے گی، ان کی جائیدادوں کو ضبط کیا جائیگا۔