نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحران سے نکالیں گے، رانا ثناء اللہ

مسلم لیگ نواز  کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحران سے نکالیں گے، پاکستان کو دوبارہ خوشحالی کے راستے پر گامزن کریں گے۔

فیصل آباد میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحران سے نکالیں گے، معاشی بدحالی، عام آدمی مہنگائی سے تنگ ہے، پاکستان کو دوبارہ خوشحالی کے راستے پر گامزن کریں گے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے نوازشریف کیسے معیشت بحال کریں گے، قوم کو مایوس کرنے کے لیے ذہانت کاغلط استعمال نہ کریں، نوازشریف کے خلاف سازشیں شروع کی گئیں، سول نافرمانی شروع کی گئی اور دھرنے دیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ملکی ترقی کے نعرے کوحقیقت میں بدلیں گے، کسی دوسرے لیڈر یا جماعت کے پاس ملکی ترقی کا راستہ نہیں، 2018 میں ملک ترقی کررہا تھا، مہنگائی نہیں تھی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف کو سازش کرکے اقتدار سے ہٹایا گیا، نواز شریف کو ہٹا کر ملک کو ڈی ریل کیا گیا، ملکی سیاست تباہ کرنے والےمظلوم بنے ہوئے ہیں، کہتے ہیں انہیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی جا رہی۔