انتقامی کاروائیوں سے گھبرانے والے نہیں، خرم دستگیر

سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ ہم انتقامی کارروائیوں سے گھبرانے والے نہیں، دس سال پہلے اس سے بھی زیادہ مشکل وقت دیکھا تھا لیکن اب پاکستان کے اچھے دن آنے والے ہیں، جلد ہی میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک ایک بار پھر ترقی کی منازل طے کرے گا

فیصل آباد میں مسیحی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ہم سب کے اچھے دن آرہے ہیں، ہم نے کافی حد تک مشکل وقت گزار لیا ہے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی مفاد کی سیاست کی، اگر نواز لیگ دور کے ترقیاتی کام نکال دیں تو پھر دوسری حکومتوں کی کارکردگی کا دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 2013 سے قبل مہنگائی کے ساتھ پورے ملک میں دہشت گردی کے واقعات مسلسل بڑھ رہے تھے تاہم میاں نواز شریف نے ملک کو دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی، اگر عوام نے ہمیں اب بھی خدمت کا موقع دیا تو ریکارڈ ترقیاتی کام، بیروزگاری کا خاتمہ اور ملکی معیشت میں استحکام پاکستان مسلم لیگ ن کی اولین ترجیحات میں شامل ہوں گے۔