حماس نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملادیا، اسرائیل ناجائز ریاست ہے۔ امریکہ اور یورپ اسرائیلی ناجائز ریاست کی ناجائز سرپرستی کر رہے ہیں : ملی یکجہتی کونسل

لاہور:  ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ حماس نے طوفان الاقصی آپریشن میں اسرائیل کے غرور اور ظلم کو خاک میں ملا دیا ہے۔

صاحبزادہ زبیر کا کہنا تھا کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے۔ امریکہ اور یورپ اسرائیلی ناجائز ریاست کی ناجائز سرپرستی کر رہے ہیں۔ اسرائیلوں نے گزشتہ عرصہ میں 300فلسطینی شہید کر دیے، فلسطینی سرزمین پر ناجائز بستیاں آباد کر دیں۔ فلسطینوں کے پاس تنگ آمد بجنگ آمد کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل جتنا بھی ظلم کر لے فلسطینی آزادی اور اپنی سرزمین سے دست بردار ہونے کے لیے تیار نہیں۔ غزہ کے فلسطینی مجاہدوں اور حماس کو دنیا بھر کے مسلمانوں کی حمایت حاصل ہے۔

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کےسیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور مرکزی قائدین حافظ زبیر احمد ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی، مولانا عبدالمالک، مفتی گلزار احمد نعیمی، سید ناصر عباس شیرازی، پیر سید ہارون گیلانی، علامہ عارف حسین واحدی، اسد اللہ بھٹو، عبدالحق ہاشمی، پیر صفدر شاہ گیلانی، ضیا اللہ شاہ بخاری، پیر عبدالرحیم نقشبندی اور دیگر رہنماوں نے مشترکہ بیان میں حماس کے طوفان الاقصی آپریشن کو عین حق قرار دیتے ہوئےکہا کہ فلسطین کی پاکیزہ زمین پر صیہونیوں کے ناپاک قبضہ کو فلسطینی کسی قیمت قبول کرنے کے لیےتیار نہیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لاکھوں فلسطینی مرد، خواتین بچے شہید ہو گئے، نسل درنسل فلسطینی آزادی کی جنگ جرات و استقامت سے لڑ رہے ہیں۔ عالمی ادارے اسرائیل کی ناجائز سرپرستی کر کے پوری دنیا کے امن کو تباہ کر رہے ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل کے قائدین نے اعلان کیا کہ پاکستان میں فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی مذمت کے لیے ملک گیر حمایت کی جائے گی۔

ان کاکہنا تھا کہ امریکہ یورپ اور اقوام متحدہ اپنی بے حسی ، جانبداری، مسلم دشمنی اور صہیونی نوازی ترک کریں اور مسئلہ فلسطین انصاف اور حق کی بنیاد پر حل کیا جائے، مٹھی بھر یہودیوں کو واپس اپنے ملکوں میں بھیجا جائے۔ عالم اسلام ایمانی غیرت کا مظاہرہ کرے، قبلہ اول کی بازیابی ملت اسلامیہ کی گردن پرقرض ہے۔ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کرنے کے ارادے ترک کئے جائیں ، عالم اسلام اور امت کا اتحاد ہی عزت اور کامیابی کا راستہ ہے۔