ملک بھکاری بن گیا تو نوازشریف یاد آتا ہے ، مریم نواز

مسلم لیگ (نواز) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہےکہ ملک بھکاری بن گیا تو نوازشریف یاد آتا ہے، گزشتہ دور میں جو جتنی بڑی گالی دیتا اتنی بڑی وزارت ملتی تھی۔

نوازشریف کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) نے لاہور کے حلقہ 135 میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب جلسہ کا انعقاد کیا۔

جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ 2017 میں نوازشریف کو نہ نکالا جاتا تو ملک کا یہ حال نہ ہوتا، شیر کو نہیں ہرایا جاسکتا، شیر کو ہرانے اور مٹانے والے کئی آئے، شیر وہیں کھڑا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو نوازشریف واپس آرہے ہیں، پاکستان کے لیڈر کا بھرپوراستقبال ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے دور میں مہنگائی 2 فیصد تھی، چینی 50 اور آٹا 35 روپے کلو تھا، سات سال میں ملک پر چھائی اداسی ختم ہونے جارہی ہے۔

مریم نے مزید کہا کہ نوازشریف نے ملک کیلیے قربانیاں دیں، ملک کو ترقی کے منصوبے دیے، لوڈ شیڈنگ نوازشریف کے دورمیں ختم ہوئی اور ملک میں دہشت گردی بھی انھیں کے دور میں ختم ہوئی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ نوازشریف نے اقتدار کے دن کم اور مشکلات کے دن زیادہ دیکھے، ملک کے کونے کونے سے آواز آرہی ہے وزیراعظم نوازشریف کیونکہ انھوں نے دھرنوں کے باوجود ترقیاتی منصوبے جاری رکھے۔