جج کا چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کا دورہ، توسیع کی ہدایت

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں چیئر مین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کا دورہ کیا۔

چیئر مین پی ٹی آئی اور پارٹی رہنما شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی کو عدالت سے متصل جالیوں والے کمرے میں لایا گیا، جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے حکم پر چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو کمرۂ عدالت میں بٹھایا گیا۔

کمرہ عدالت میں پی ٹی آئی کے وکلاء سلمان صفدر، نعیم پنجوتھا اور شیرافضل مروت موجود تھے، جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی ساتھ ساتھ کرسیوں پر کمرہ عدالت میں بیٹھے تھے۔

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹراؤزر شرٹ پہن رکھی تھی۔

پی ٹی آئی کے وکلاء نے سماعت شروع ہوتے ہی ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں کا حوالہ دیا اور سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

سماعت کے دوران جج ابوالحسنات ذوالقرنین  نے وکلاء سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے کہنے پر نقول تقسیم کی تاریخ رکھی تھی، ہائی کورٹ کے اسٹے کا کوئی فیصلہ دکھا دیں۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے اسٹے کے فیصلے کے اصرار پر پی ٹی آئی کے وکلاء خاموش ہو گئے۔

عدالت نے نقول کی کاپیاں ملزمان میں تقسیم کر دیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے پہلے چالان کی نقول وصول کیں، پی ٹی آئی وکلاء کی سرگوشی کے بعد دونوں نے چالان وصول کرنے سے انکار کر دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سیل سے متعلق شکایت

سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی نے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کو سیل سے متعلق بتایا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجرموں کی طرح سلوک کیا جا رہا ہے، کمرے میں چہل قدمی ممکن نہیں۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی سے استفسار کیا کہ ٹرائل چلانا ہے یا نہیں؟

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ٹرائل چلایا جا رہا ہے لیکن ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر ہیں۔

جج کا چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کا دورہ

دورانِ سماعت پولیس اہلکار نے عدالت میں بیان دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں سیل، اٹک جیل کی نسبت چھوٹا ہے۔

اس موقع پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کا دورہ بھی کیا، اور سپرنٹنڈنٹ جیل کو سیل میں توسیع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل میں قائم دیوار توڑ دی جائے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق دیوار ٹوٹنے سے چیئرمین پی ٹی آئی کا سیل تقریباً 30 فٹ سے 50 فٹ تک ہو جائے گا، جج ابوالحسنات کی ہدایت پر جلد از جلد سیل میں قائم دیوار توڑ دیں گے۔

شاہ محمود قریشی دورانِ سماعت خاموش رہے

شاہ محمود قریشی آج سائفر کیس کی دورانِ سماعت مکمل خاموش رہے۔

شاہ محمود قریشی کا سماعت کے دوران کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں کمر میں درد تھا، جیل حکام نے میٹریس مہیا کر دیا ہے اور کوئی شکایت نہیں۔