کم قیمت پر زبردستی زمین کی خریداری: چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن عدالت میں پیش

چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان اور بہنوئی مظفر گڑھ کی اینٹی کرپشن کی عدالت میں پیش ہو گئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان اپنے شوہر کے ہمراہ اسپیشل جج اینٹی کرپشن نوید قریشی کی عدالت میں پیش ہوئیں۔

عظمیٰ خان کی جانب سے ممبر پنجاب بار کونسل جام محمد یونس اور رانا عارف کمال نون بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس میں نامزد فلک شیر نامی ملزم تاحال شامل تفتیش نہیں ہوا۔

عدالت نے ملزم فلک شیر کو آج ہی اینٹی کرپشن کے سامنے شامل تفتیش ہونے کا حکم جاری کیا۔

جج اینٹی کرپشن نوید قریشی نے کہا کہ ملزم کے آج اینٹی کرپشن کے سامنے شامل تفتیش ہونے کے بعد ہی آج کی سماعت کا آرڈر جاری کریں گے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ان کے شوہر پر لیہ میں 5261 کینال اراضی دھوکا دہی، فراڈ، جعلسازی سے خریدنے کے الزام میں محکمہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہے۔