یہ بات تو سب کو معلوم ہے کہ بیشتر ڈاکٹروں کے لکھے ہوئے الفاظ سمجھنا عام افراد کے بس کی بات نہیں ہوتی۔
اگر آپ کسی ڈاکٹر کے لکھے نسخے کو دیکھیں یا آپ کا معائنہ کرتے ہوئے ان کے نوٹس کا جائزہ لیں، تو کچھ بھی سمجھ نہیں آتا۔
درحقیقت کچھ افراد کو تو لگتا ہے کہ خراب لکھائی ڈاکٹر بننے کا عمل کا ایک لازمی حصہ ہے۔مگر یہ خیال درست نہیں، ویسے بیشتر ڈاکٹر بھی تسلیم کرتے ہیں کہ ان کی لکھائی اچھی نہیں ہوتی اور لوگوں کو ان کی بات سمجھنے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے۔
ڈاکٹروں کے لکھے نسخے سمجھ نہیں آتے؟ تو اب گوگل آپ کی مدد کرے گا
ڈاکٹروں کی خراب لکھائی کی وجوہات کافی دلچسپ ہیں جو درج ذیل ہیں۔
ڈاکٹروں کو بہت زیادہ نوٹس لینے ہوتے ہیں
ایک بات واضح ہے کہ کسی بھی شعبے کے مقابلے میں ڈاکٹروں کو سب سے زیادہ لکھنا ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق طب کے شعبے میں اگر ہر چیز کو لکھ کر درج نہ کیا جائے تو معاملات آگے نہیں بڑھتے۔
ڈاکٹروں کو مریض کی طبی تاریخ کے لیے ہر چیز کو تحریر کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور روزانہ بہت زیادہ لکھنا ہاتھ کو بہت زیادہ تھکا دیتا ہے۔
امریکا کے مرسی میڈیکل سینٹر کی ڈاکٹر روتھ بروٹو کے مطابق اگر آپ روزانہ 10 سے 12 گھنٹے لکھتے ہیں تو ہاتھ کے لیے اس بوجھ کو برداشت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بیشتر ڈاکٹروں کی لکھائی دن گزرنے کے ساتھ بدتر ہو جاتی ہے کیونکہ ان کے ہاتھ کے چھوٹے مسلز بہت زیادہ کام کرنے کے باعث تھک جاتے ہیں۔
جلد بازی بھی ایک وجہ ہے
اگر ڈاکٹر ہر مریض کے ساتھ ایک گھنٹہ گزاریں تو ان کو زیادہ لکھنا نہیں پڑے گا، مگر حقیقت تو یہ ہے کہ زیادہ تر ماہرین بہت جلد بازی میں مریضوں کو دیکھتے ہیں۔
ڈاکٹر روتھ کے مطابق ایک مریض کو بمشکل 15 منٹ تک ڈاکٹر سے اپنے طبی مسائل پر بات کرنے کا موقع ملتا ہے، چونکہ محدود وقت میں بہت زیادہ مریضوں کو دیکھنا ہوتا ہے تو ڈاکٹروں کو اپنی تحریر اچھی کرنے کی بجائے سب کچھ لکھنے کی جلدی ہوتی ہے۔
اس وجہ سے بھی ان کی لکھائی خراب ہوتی ہے اور کئی بار طبی اصطلاحات بھی مریضوں کو سر کھجانے پر مجبور کر دیتی ہیں، جو ہمارے لیے تو مشکل ہوتی ہیں مگر فارمسٹ کو معلوم ہوتا ہے کہ ڈاکٹر کیا کہنا چاہتا ہے۔
اب یہ زیادہ بڑا مسئلہ نہیں
پاکستان میں تو اس کا رجحان ابھی کم ہے مگر دنیا کے متعدد ممالک میں ڈاکٹروں نے الیکٹرونک میڈیکل ریکارڈز مرتب کرنا شروع کر دیے ہیں تاکہ کسی قسم کی غلطی کا امکان نہ رہے۔
ویسے گوگل کی جانب سے بھی دسمبر 2022 میں ایک ایسے فیچر پر کام شروع کیا گیا تھا جو ڈاکٹروں کی مشکل تحریر کو پڑھنے میں مدد فراہم کرے گا۔
اس موقع پر کمپنی نے بتایا تھا کہ گوگل لینس میں ایک نئے ٹول کا اضافہ کیا جائے گا جو ڈاکٹروں کی تحریر کا مطلب سمجھائے گا۔مگر اس کے بعد اس حوالے سے کوئی اور اعلان نہیں ہوا۔