اسلام آباد:نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے وزارت مذہبی امور کو حجاج کے لیے حج کو آسان اور سستا بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پیر کے روزنگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور کا اجلاس ہوا،وزیراعظم کو وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کو حج کے حوالے سے اقدامات اور حج پالیسی 2024 کی تیاری کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حج جیسااہم مذہبی فریضے کی انجام دہی کو حجاج کے لیے آسان اور سستا بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،انہوں نے کہا کہ حجاج کے لیے کیے جانیوالے انتظامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
نگراں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ کم خرچے میں بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور پرائیویٹ اسکیم کے تحت جانے والے عازمین حج کو بھی کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں۔
انہوں نے کہا کہ حج پالیسی جلد سے جلد وفاقی کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کی جائے۔