آج کل کرکٹ ورلڈکپ بھارت میں جاری ہے اور میچز میں ٹاس بہت زیادہ اہم تصور کیا جاتا ہے۔
ٹاس جیتنے والی ٹیم پچ کو مدنظر رکھ کر بہترین فیصلہ کرتی ہے اور یہ ایک طرح کا ایڈوانٹیج تصور کیا جاتا ہے، مگر ٹاس میں کامیابی کے امکان کو کیسے بڑھایا جائے؟
تو سائنسدانوں کے مطابق ٹاس کے دوران ہیڈ یا ٹیل کا انتخاب کرتے ہوئے یہ دیکھ لیں کہ سکے کا کونسا رخ اوپر نظر آرہا ہے جس سے ٹاس جیتنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا۔
تحقیق میں کہا گیا کہ شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ ہاتھ میں سکے کا جو رخ اوپر ہوگا، نیچے گرنے پر اس کے نظر آنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
یہ دعویٰ سائنسدانوں نے ساڑھے 3 لاکھ سے زائد بار ٹاس کرنے کے بعد نکالا۔
ایمسٹرڈیم یونیورسٹی کی اس تحقیق میں یہ جائزہ لیا گیا تھا کہ ٹاس کرنے کا عمل کس حد تک شفاف ہوتا ہے۔
اس سے قبل 2007 میں ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ جب ٹاس کیا جاتا ہے تو سکے کا وہ رخ نظر آنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے جو اوپر ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ 51 فیصد امکان اس بات کا ہوتا ہے کہ سکے کا جو رخ اوپر ہوگا، وہی نیچے گرنے کے بعد نظر آئے گا۔
اس نئی تحقیق میں ساڑھے 3 لاکھ سے زائد بار سکہ اچھالنے پر یہ بات ثابت ہوئی اور 50.8 فیصد بار وہ رخ زمین پر نظر آیا جو ہاتھ میں اوپر کی جانب تھا۔
محققین کا کہنا تھا کہ یہ بہت زیادہ ٹھوس ثبوت تو نہیں مگر اس سے پرانی تحقیق کے نتائج کو تقویت ملتی ہے۔
البتہ تحقیق میں یہ واضح کیا گیا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ٹاس میں زیادہ تر ہیڈ کو ہی جیت حاصل ہوتی ہے، درحقیقت ہیڈ یا ٹیل آنے کا زیادہ امکان سکہ اچھالتے ہوئے ہاتھ میں ان کی پوزیشن پر ہوتا ہے۔