ماہرین آثار قدیمہ نے 2 ہزار سال پرانی خواتین کی میک اپ کی دکان دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس سے یہ چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں کہ کیا خواتین 2 ہزار سال پہلے بھی میک اپ کرتی تھیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 2 ہزار سال قبل میک اپ کی دکان رومی دور میں اہم سیاسی اور اقتصادی مرکز سمجھے جانے والے شہر ایزونوئی میں دریافت کی گئی ہے جو اب جدید دور میں مغربی ترکیہ کا حصہ ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق قدیم میک اپ کی دکان میں سے دریافت کیے گئے نوادرات میں پرفیوم کنٹینر ، میک اپ پراڈکٹس جن میں آئی شیڈو اور بلش شامل ہیں۔
رپورٹ میں خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ کاسمیٹکس 2 ہزار سال پہلے رومی خواتین استعمال کرتی تھیں۔
دریافت کی گئی میک اپ کی دکان کے اندر ایک خاص اور دلچسپ دریافت سیپیوں کی ہے جنہیں قدیم دور کی خواتین بطور میک اپ کنٹینر استعمال کیا کرتی تھی ان سیپیوں میں مختلف رنگ کے بلش آن اور آئی شیڈو بھی موجود تھے۔
دوسری جانب ایزونوئی کی آثار قدیمہ کے ماہرین نے ہی شہر کے اندر ایک اور دکان بھی دریافت کی ہے جس سے متعلق خیال ہے کہ یہاں مبینہ طور پر زیورات اور کاسمیٹک مصنوعات فروخت کیے جاتے تھے۔
ماہرینِ آثار قدیمہ کو اس دکان سے ان اشیا کے ساتھ ساتھ ہار اور بالوں کے لیے مختلف موتیوں کی مالا بھی ملی ہے۔