دنیا کی سب سے ڈھلوان سڑک جس پر چلنا آسان نہیں

دنیا کی وہ حیرت انگیز سڑک جس پر چڑھنا آپ کی ٹانگوں کو بالکل پسند نہیں آئے گا۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ دنیا کی سب سے ڈھلوان سڑک ہے، جس پر چڑھنا تھکا دیتا ہے جبکہ اترنے کا عمل اتنا تیز ہوتا ہے کہ گرنے کا خطرہ ہوتا ہے۔

نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن کی اس سڑک کو بالڈون اسٹریٹ کا نام دیا گیا ہے اور اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی درج ہے۔

اس سڑک کا نام ولیم بالڈون پر رکھا گیا تھا جو ایک اخبار کے بانی تھے۔

350 میٹر طویل یہ اتنی ڈھلوان ہے کہ اس میں گھر زمین میں دھنسے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔

اس سڑک کا نام 1987 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کا حصہ بنا تھا، مگر 2019 میں ویلز کی ایک سڑک Ffordd Pen Llech نے یہ اعزاز چھین لیا تھا۔

جس کے بعد بالڈون اسٹریٹ اور ڈنیڈن کے نمائندوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کی انتظامیہ سے دونوں مقامات کا تھری ڈی سروے کرانے کی درخواست کی۔

اس درخواست پر تھری ڈی سروے کر ایا گیا اور اس طرح 2020 میں یہ ریکارڈ ایک بار پھر بالڈون اسٹریٹ کے نام کر دیا گیا۔

بالڈون اسٹریٹ ایک معروف سیاحتی مقام بھی ہے جہاں ہر سال چند منفرد ایونٹس کا انعقاد ہوتا ہے۔

ان میں سے ایک ایونٹ اس پر دوڑنے کا ہوتا ہے جس میں اوپر سے نیچے اور پھر نیچےسے اوپر دوڑ لگائی جاتی ہے۔