لاہور: مسلم لیگ (نواز) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام جان چکے ہیں کہ نواز شریف وزیر اعظم ہوگا تو ملک چلے گا اور ان کا گھر بھی چلے گا۔
مریم نواز نے این اے 134 کے یوسی چیئرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ مہنگائی سے نجات دلانے میں نواز شریف کے سوا سب نااہل ثابت ہوئے، اب وہ آ رہا ہے مہنگائی سے نجات اور معاشی بحالی کا حل ساتھ لا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف وزیر اعظم تھا تو عوام کو آٹا، گھی، چینی سب سستا ملتا تھا، جیسے ہی وہ گیا تو سستا آٹا، گھی، چینی سب عوام کی پہنچ سے نکل گیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے آنے سے ترقی کا دور ایک بار پھر شروع ہو رہا ہے، سندھ کی بدحالی دیکھ کر دل کو تکلیف پہنچتی ہے، اچھے اسپتال، اچھی سڑکیں اور موٹروے سندھ کے عوام کا حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ووٹ دیں تو ہم سندھ سے بھی بہت نشستیں جیتیں گے۔