امریکا: شیشے کی عمارت کی وجہ سے ایک دن میں ہزار پرندوں کی موت

الینوائے: امریکی شہر شکاگو میں شیشے سے بنی ایک عمارت سے ٹکرا کر تقریباً 1000 پرندے مرچکے ہیں۔

میک کارمک پلیس شمالی امریکا کا سب سے بڑا کنونشن سینٹر ہے اور حال ہی میں کم از کم 1,000 چھوٹے پرندوں کی موت کا ذمہ دار بن گیا ہے جو اس کی موٹی شیشے کی دیواروں سے ٹکرا گئے تھے۔

شکاگو برڈ کولیشن مانیٹرس (سی بی سی ایم) کے مطابق میک کارمک پلیس کے ارد گرد کم از کم 1000 چھوٹے پرندوں کی لاشیں ملیں جن میں ٹینیسی واربلرز، ہرمیٹ تھرش اور امریکن ووڈ کاکس شامل تھے۔ یہ تمام پرندے عمارت کی شفاف شیشے کی دیواروں سے ٹکرانے کے بعد مر گئے کیونکہ وہ شفاف سطح کو خالی فضا سمجھے۔


سی بی سی ایم نے کہا کہ یہ تعداد ایک ہی دن میں ایک عمارت سے ہونے والی پرندوں کی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ بدقسمتی سے موت کی تعداد درحقیقت اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ بہت سے پرندے شدید زخمی ہونے کے بعد اڑتے رہتے ہیں اور گھنٹوں بعد مرتے ہیں۔