پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو ملک کو مشکل سے نکالنے کا روڈ میپ دیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے دونوں ہاتھوں سے قوم کا پیسا لوٹا اور آئی ایم ایف سے معاہدہ طے کرکے خلاف ورزی کی گئی۔
قصور میں جلسے سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ 21 اکتوبر کو صرف نوازشریف کا استقبال نہیں کرنا ملکی ترقی کا استقبال بھی کرنا ہے۔ ہم نے ملک کی نئی صبح کے آغاز کا استقبال کرنا ہے، نواز شریف نے پہلے بھی قوم کی خدمت کی ہے۔ قوم سے کہتا ہوں آنکھیں کھول کر ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنا۔
عمران خان کے دور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ طے کرکے خلاف ورزی کی گئی، شہبازشریف معاہدے کو استوار نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، ملک دیوالیہ ہو جاتا تو وہ حالات ہوتےجن کا تصور نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پاکستان میں موٹرویز بنوائیں، دوسرے ممالک کے لوگ آکر موٹر ویز کی تعریف کرتے تھے، آج ملک میں موٹرویز کا جال بن چکا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ن لیگ نے جھوٹے وعدے نہیں کیے، کام کرکے دکھایا ہے، ملک میں 20 ،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی، نوازشریف نے ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔