اسلام آبا د: حساس اداروں نے شریف خاندان کو سکیورٹی تھریٹ جاری کر دیا ہے،دونوں بھائیوں اور دیگر خاندانی افراد کو ایک مقام پر اکٹھے ہونے اور سفر کرنے سے روک دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف کوایک مراسلہ کے ذریعے سیکورٹی تھریٹ جاری کیا گیا ہے،سیکورٹی اداروں نے دونوں بھائیوں اور دیگر خاندانی افراد کو ایک مقام پر اکٹھے ہونے سے روک دیا۔
نواز شریف اور شہباز شریف کو بھی ساتھ سفر کرنے اور ایک جگہ رہنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ خاندان کے دیگر افراد کو سفر بھی وقفے سے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیکورٹی تھریٹ کی اطلاعات کے بعد سابق وزرائے اعظم کی سیکورٹی بڑھا دی گئی،نواز شریف کو بھی اسکواڈ میں دو جیمر اور دیگر آلات فراہم کردیئے گئے، اطلاعات کے بعد شریف خاندان کی سیکورٹی کے لئے مزید اقدامات لئے گئے ہیں۔
سکیورٹی اداروں نے مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز شریف کو الگ الگ سخت سکیورٹی سفر کرنے کی ایڈوائس دی ہے جبکہ نواز شریف کے ساتھ ساتھ شہباز شریف کو بھی سابق وزیر اعظم کی سکیورٹی اور پروٹول فراہم کر دیا گیا ہے۔مختلف اداروں کی جانب سے ن لیگ کی قیادت کو خطرات کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہی دے دی گئی ہے۔