ہمارے چہروں پر بھنویں کیوں ہوتی ہیں؟

اپنے اردگرد موجود افراد کے چہرے دیکھیں یقیناً ہر ایک کی آنکھوں کے اوپر بھنویں نظر آئیں گی۔

بالوں کی یہ 2 پٹیاں ہر چہرے پر نمایاں نظر آتی ہیں مگر ان کا مقصد کیا ہوتا ہے؟

انسانوں میں بھنویں کئی وجوہات کے باعث بہت اہم ہوتی ہیں۔

بھنویں پیشانی سے بہہ کر آنے والے پسینے کو آنکھوں میں روکنے کا کام کرتی ہیں تاکہ ہماری بینائی درست کام کر سکے۔

دوسری وجہ زیادہ اہم اور دلچسپ ہے۔

بھنویں زبان سے بولے بغیر بھی ہمارے تاثرات کو دیگر افراد تک پہنچانے کا کام کرتی ہیں۔

انہیں مختلف انداز سے حرکت دے کر حیرت، غصے، اداسی، بے اعتباری، الجھن، ہمدردی اور متعدد دیگر جذبات کا اظہار کیا جا سکتا ہے۔

سب سے واضح تاثر حیرت کا ہوتا ہے جس میں بھنویں اوپر کی جانب چڑھ جاتی ہیں کیونکہ حیرت کے جھٹکے کے باعث ہماری آنکھیں کھل جاتی ہیں۔

یہ بنیادی طور پر ہمارے جسم کی جانب سے اردگرد کے منظر کو ہر ممکن حد تک دیکھنے کی کوشش ہوتی ہے جس کے دوران بھنویں اوپر چڑھ جاتی ہیں۔

کسی چیز میں دلچسپی لینے پر بھی ہماری آنکھیں پوری کھل جاتی ہیں جس سے بھی بھنویں اوپر کی جانب چڑھ جاتی ہیں۔

ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ مختلف ثقافتوں میں تاثرات کے اظہار کے لیے بھنویں استعمال کرنے کا انداز بھی مختلف ہوتا ہے۔

تاثرات کے اظہا رکے علاوہ بھنویں چہروں کی شناخت میں بھی کردار ادا کرتی ہیں۔

انسانی دماغ قدرتی طور پر چہروں پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کرتا ہے، درحقیقت وہ اتنی گہرائی میں تجزیہ کرتا ہے کہ اکثر مختلف چیزوں میں بھی چہرے نظر آنے لگتے ہیں۔

تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ بھنویں کسی فرد کے چہرے کی شناخت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جب جانے پہچانے چہروں پر بھنویں غائب ہوتی ہیں تو ہمارے لیے انہیں پہچاننا مشکل ہو جاتا ہے۔