پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما طلال چوہدری نے پیپلز پارٹی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپز پارٹی کے الزامات حقائق کے منافی ہیں، ن لیگ کو ریلیف نہیں بلکہ تاخیری انصاف مل رہا ہے۔
لیگی رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ پاکستان کے سب سے بڑے انتخابی میدان، پنجاب میں اُن کا ووٹ بیس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بار بار بلاول صاحب کو لانچ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن صرف ناکامی ہی ملی۔
خیال رہے کہ پروگرام میں بات چیت کے دوران ایک بارپھر لیگی قیادت پرکڑی تنقید کرتے ہوئے پی پی ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا تھا کہ پنجاب کے ڈومیسائل کا فائدہ یہ ہے کہ اُنہیں ہمیشہ اکثریتی حکومت دی جاتی ہے لیکن جب سندھ کا وزیراعظم آتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ آپ اتحادی حکومت چلائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جلسہ بھرنا تو آسان ہے لیکن نواز لیگ بکسے کیسے بھرے گی؟