آسٹریلیا کے سمندر میں انتہائی نایاب لیپرڈ ٹوبی مچھلی کی موجودگی نے سب کو حیران کردیا
کورل سی میرین پارک میں غوطہ خوری کے دوران انتظامیہ کی جانب سے ایک انتہائی نایاب لیپرڈ ٹوبی پفر مچھلی دیکھی گئی۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ سفید رنگ کی چھوٹی سی مچھلی ہے جس پر لیپرڈ کی طرح گول نشان بنے ہوئے ہیں جس کی ویڈیو انتظامیہ کی جانب سے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ غوطہ خور نے 1000 سے زائد بار اس مقام پر ڈائیونگ کی لیکن اس سے پہلے یہ انتہائی نایاب مچھلی نہیں دیکھی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ لیپرڈ ٹوبی مچھلی عام طور پر فلپائن، انڈونیشیا، گوام اور مائیکرونیشیا کے سمندر میں پائی جاتی ہے لیکن آسٹریلیا کے سمندر یہ مچھلی پہلی بار دیکھی گئی ہے۔
مچھلی کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ یہ چٹانوں میں رہنا پسند کرتی ہے اور سخت خول والے جھینگے کھانا پسند کرتی ہے تاکہ ان کے بڑھتے ہوئے دانت کم ہو سکیں۔