آسٹریلیا میں ہزاروں گھوڑوں کو فائرنگ کر کے مارنے کا فیصلہ

آسٹریلیا میں ہزاروں گھوڑوں کو فائرنگ کر کے مارنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جنگلی گھوڑوں کو ہیلی کاپٹر سے فائرنگ کر کے مارا جائے گا۔

آسٹریلوی حکام کے مطابق سب سے بڑے قومی پارکوں میں سے ایک میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے جنگلی گھوڑوں کو ہوا سے فائرنگ کر کے مار ڈالنے کا عمل دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جنوب مشرقی آسٹریلیا کے کوسکیوسکو نیشنل پارک میں تقریباً 19 ہزار جنگلی گھوڑے ہیں جنہیں ’برمبیز‘ کہا جاتا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز کے ریاستی حکام 2027ء کے وسط تک اس تعداد کو کم کر کے 3 ہزار تک لانا چاہتے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حکام ان جانوروں کو نقصان دہ سمجھتے ہیں کیونکہ یہ مٹی کے کٹاؤ کو بڑھاتے ہیں اور پودوں کو چر کر یا روند کر ضائع کر دیتے ہیں، یہ چھوٹے جانوروں کے بلوں کو نقصان پہنچانے کا بھی سبب بنتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ جنگلی گھوڑے کھانے اور رہائش کے لیے دوسرے جانوروں سے مقابلہ کرتے ہیں اور پانی کے ذرائع کو ناقابل استعمال بنا دیتے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جنگلی گھوڑوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے مارنے کا طریقہ اس سے قبل 2000ء میں مختصر مدت کے لیے استعمال کیا گیا تھا اور اس دوران 3 دن میں 600 سے زیادہ گھوڑوں کو مار دیا گیا تھا۔