چین کا دنگ کر دینے والا منصوبہ : سڈنی اوپیرا ہاؤس سے 3 گنا بڑا یہ میوزیم جتنی کم مدت میں تعمیر کیا گیا

چین ایسا ملک ہے جس کے تعمیراتی منصوبے اکثر دنیا کو دنگ کر دیتے ہیں۔

اب ایسا ہی ایک نیا منصوبہ چین میں مکمل کیا گیا ہے جو دیکھنے والوں کو دنگ کر دیتا ہے۔

دیکھنے میں یہ ایلین اسپیس شپ لگتا ہے مگر یہ چینگدو سائنس فکشن میوزیم ہے، جو ایک جھیل میں تیرتا ہوا نظر آتا ہے۔

صوبہ سیچوان کے صدر مقام میں تعمیر ہونے والا یہ میوزیم ہر زاویے سے مختلف نظر آتا ہے۔

اسے ڈیزائن کرنے والی کمپنی کے مطابق ہر پہلو سے یہ ہمیشہ مختلف نظر آتا ہے اور لوگوں کو غیر معمولی محسوس ہوتا ہے۔

مگر ڈیزائن سے زیادہ دنگ کر دینے والی حقیقت اس کی تعمیر کا دورانیہ ہے۔

سڈنی اوپیرا ہاؤس سے 3 گنا بڑا یہ میوزیم جتنی کم مدت میں تعمیر کیا گیا، وہ حیران کن ہے۔

2022 میں 81 ویں عالمی سائنس فکشن کنونشن کے لیے اس میوزیم کو تعمیر کرنے کی منطوری دی گئی تھی۔

59 ہزار اسکوائر میٹر رقبے پر پھیلی اس طرح کی عمارت کی تعمیر عموماً 4 سے 5 سال میں مکمل ہوتی ہے مگر ڈیزائن سے لے کر عمارت کی تعمیر کو محض 12 ماہ کے اندر مکمل کرلیا گیا۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر  نے بتایا کہ محدود وقت ہونے کے باوجود یہ ہمارے لیے ڈریم پراجیکٹ تھا۔

اس منصوبے کی تعمیر اور ڈیزائن کرنے کا عمل ایک ساتھ شروع ہوا اور اس کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی گئی۔

یہ میوزیم چینگدو کے ضلع پیڈو کو فیوچر سٹی بنانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

یہ میوزیم 18 سے 22 اکتوبر کو ہونے والے سائنس فکشن کنونشن کے موقع پر عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔