دی سِمپسنز کی ایلون مسک کی کمپنیوں بارے بڑی پیشگوئی

واشنگٹن: پیش گوئیوں کےلیے مشہور امریکی کارٹون ’دی سِمپسنز‘ کی اتوار کو نشر ہونے والی قسط میں ایلون مسک کی کمپنیوں ایکس اور اسپیس ایکس کے حوالے سے بڑی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کارٹون سیریز کے 35ویں سیزن کی چوتھی قسط مسٹر برنز کے گرد گھومتی ہے جو اپنی محبوبہ کے لیے ٹوئٹر خرید لیتے ہیں۔

وہ اپنی محبوبہ کو بتاتے ہیں کہ کمپنی کے پچھلے مالک کو یہ پلیٹ فارم اپنے خود کار مارس راکٹ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے ٹکرانے کی صورت میں پیچنا پڑا جو انہوں نے خرید لیا۔

اس سے قبل فاکس ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے اس کارٹون کی ایک قسط میں ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے کے متعلق  پیش گوئی کی گئی تھی۔بعد ازاں انہوں نے 2022 میں 44 ارب ڈالرز کے عوض خریدا۔

سمپسنز کی جانب سے پیش گوئی کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے چہ مگویاں شروع کرتے ہوئے کارٹون اور ایلون مسک کے ذاتی منصوبوں میں مماثلت ڈھونڈنا شروع کردی ہے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ سمپسنز نے پیش گوئی کردی کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن ایلون مسک کے ایک راکٹ سے تباہ ہوجائے گا۔

ایک ایکس صارف کا کہنا تھا کہ سمپسنز نے خبردار کیا ہے کہ ایلون مسک کا ایک راکٹ امریکی خلائی اسٹیشن سے ٹکرانے والا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ ایلون مسک کے کسی راکٹ کو بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن میں کریش کر کے ان کو ایکس فروخت کرنے پر زور دینے کے لیے منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ اس کا اعلان سمپسنز پو ہوا ہے۔