غزہ : جنگی مجرم اسرائیل نے غزہ کو بارود میں نہلا دیا، انتیس روز میں پچیس ہزار ٹن سے زائد بارود برسا دیا، جو دو ایٹم بموں کے برابر ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل غزہ میں بربریت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، یورو میڈ ہیومن رائٹس نے اسرائیلی جارحیت پر رپورٹ جاری کی ہے،
جس میں بتایا گیا کہ سات اکتوبر سے اب تک غزہ کی پٹی پر اسرائیل پچیس ہزار ٹن سے زیادہ بارود برسا چکا ہے، جو دو ایٹم بموں کے برابر ہے۔ جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
رپورٹ میں کہا ہے کہ حملوں میں چار ہزار سے زائد بچے اور دوہزار سے زائد خواتین شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل غزہ میں ہر گھنٹے بیالیس بم برسا رہا ہے، جس سے بارہ عمارتیں ملیہ میٹ ،پندرہ شہید اور پینتیس فلسطینی زخمی ہو رہے ہیں۔
بمباری سے مجموعی طور پر 10 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے، جن کی زندگیاں مسلسل خطرے میں ہیں۔
اس سے قبل فلسطینی محصور شہر غزہ پر گرائے گئے بموں کی دھماکا خیز قوت ہیروشیما ایٹم بم سے زیادہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، غزہ کے حکام کا کہنا تھا کہ غزہ پر بموں کی ہیروشیما سے بڑی قیامت ڈھائی گی ہے، دوسری عالمی جنگ کے دوران ہیروشیما کی تباہی سے بھی زیادہ غزہ میں تباہی مچی۔
غزہ حکام نے بتایا تھا کہ اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر 18 ہزار ٹن بم گرائے ہیں، جو دوسری جنگ عظیم میں جاپان کے ہیروشیما پر گرائے گئے ایٹم بم کی دھماکا خیز قوت سے 1.5 گنا زیادہ ہے۔