واشنگٹن:اردن کی ملکہ رانیا نے امریکی ٹیلی وژن نیٹ ورک سی این این پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں، اسرائیل کی جانب سے غزہ بمباری میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکت کی مذمت نہ کرنے پرمغربی رہنماں پر "کھلے دوہرے معیار" کے ارتکاب کا الزام عائد کیاہے۔
انہوں نے سی این این کی کرسٹیئن امان پور کو بتایا۔"اردن سمیت مڈل ایسٹ کے ارد گرد کے لوگ، اس تباہی پر سامنے آنے والے عالمی رد عمل پر ششدر اور مایوس ہیں۔ پچھلے دو ہفتوں میں، ہم نے دنیا میں ایک واضح دوہرا معیار دیکھا ہے۔
ملکہ رانیا نے جو کویت میں پیدا ہوئی تھیں اور جن کے والدین فلسطینی ہیں مغربی ممالک کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی مخالفت کرنے پر تنقید کی اور کہا کہ ان کی خاموشی سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے حملوں میں "شریک" ہیں۔
انہوں نے مزید کہا،"لیکن جو کچھ ہم پچھلے دو ہفتوں سے دیکھ رہے ہیں، ہم دنیا میں خاموشی دیکھ رہے ہیں۔ملکہ رانیہ نے مغرب کی طرف سے جنگ بندی کی حمایت سے انکار کے بارے میں کہا کہ "خاموشی بہرا کردینے والی ہے اور ہمارے خطے میں بہت سے لوگوں کے لیے، یہ مغربی دنیا کو، اسرائیل کے لیے ان کی حمایت اور اسرائیل کو دیے جانے والے"کور"کے ذریعے اس (غزہ کی صورتحال)میں ملوث کرتی ہے۔
انہوں نے سی این این کو بتایا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ یہ تنازعہ 7 اکتوبر کو شروع ہوا تھا۔انہوں نے کہا، "یہ ایک 75 سال پرانی کہانی ہے،فلسطینی عوام کی بڑے پیمانے پر ا موات اور بے گھر ہونے کی کہانی۔ یہ ایک نسل پرست حکومت کے تحت قبضے کی کہانی ہے۔"