کینیڈا میں مقیم سکھ علیحدگی پسند تحریک کے رہنما گرپارتوانت سنگھ پانم نے بھارت کی قومی ایئرلائن ایئر انڈیا کی پرواز کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دے دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ گرپارتوانت سنگھ پانم نے حال ہی میں اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ سکھ 19 نومبر کے بعد ایئر انڈیا میں سفر نہ کریں۔
علیحدگی پسند رہنما نے دعویٰ کیا کہ 19 نومبر کے بعد ایئر انڈیا کو پروازیں چلانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ دہلی کا اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ کا نام بھی تبدیل کر دیا جائے گا۔
گرپارتوانت سنگھ پانم نے کہا کہ یہ سب بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ والے دن کو ہوگا۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ گرپارتوانت سنگھ پانم نے کوئی دھمکی آمیز بیان جاری کیا ہو، رواں سال ستمبر میں انہوں نے خالصتانی رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل پر بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی تنازع کے باعث کینیڈا میں رہنے والے ہندوؤں کو ملک چھوڑنے کا کہا تھا۔
گرپارتوانت سنگھ پانم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ خالصتان کے حامی سکھوں نے مسلسل کینیڈا کے ساتھ وفاداری کی ہے۔
علیحدگی پسند رہنما کے بیان پر ہندو فورم کینیڈا کے وکلا نے کینیڈین امیگریشن منسٹر سے ان کے کینیڈین علاقے میں داخلے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔