برازیل کی فٹبال ٹیم کے کپتان نیمار جونئیر کی گرل فرینڈ برونا بیانکارڈی کے گھر مسلح ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں واقع نیمار جونئیر کی گرل فرینڈ برونا بیانکارڈی کے گھر تین افراد گُھسے اور ڈکیتی کی کوشش کی۔
ڈکیتی کے دوران اسٹار فٹبالر کی گرل فرینڈ اور انکی شیر خوار بیٹی گھر پر موجود نہیں تھیں تاہم اس واردات میں ملوث 20 برس کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈکیتی کے وقت برونا بیانکارڈی کے والدین گھر پر موجود تھے تاہم پڑوسی پڑوسی کی جانب سے پولیس کو اطلاع دینے کے بعد ڈاکو وہاں سے فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی کوشش کے دوران نیمار کی گرل فرینڈ کے والدین کو ہراساں کیا اور پرس، گھڑیاں اور دیگر قیمتی زیورات چوری کرکے لے گئے، جنہیں گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسٹار فٹبالر نیمار جونئیر اس دنوں سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں وہ الہلال کلب کی نمائندگی کررہے ہیں۔