نگراں وزیرِ اعلیٰ کی تصویر کیساتھ اشتہاری مہم کیخلاف درخواست پر تحریری حکم جاری

لاہور ہائی کورٹ نے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی کی تصویر کے ساتھ اشتہاری مہم کے خلاف درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔

جسٹس سلطان تنویر نے درخواست پر 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔

عدالت نے تحریری حکم میں ایل ڈی اے سے نگراں وزیرِ اعلیٰ کی اشتہاری مہم پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین سے اس معاملے پر 29 نومبر تک جواب طلب کر لیا۔

عدالت نے تحریری حکم میں ڈی جی ایل ڈی اے کو عدالتی معاونت کے لیے ذمے دار افسر تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں اشتہاری مہم پر آنے والے اخراجات سے متعلق دستاویزات بھی آئندہ سماعت کے دوران عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ درخواست گزار نے فلائی اوور کی تعمیر پر نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی کی تشہیر کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا تھا۔