مقبوضہ بیت المقدس میں فائرنگ سے 3 اسرائیلی ہلاک' 6زخمی، 2 حملہ آور بھی مارے گئے

بیت المقدس: مقبوضہ بیت المقدس میں بس سٹاپ پر فائرنگ سے 3 اسرائیلی ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں ایک بس اسٹاپ پر فائرنگ سے تین اسرائیلی ہلاک ہو گئے اور 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 4 کی حالت نازک ہے، جب کہ فائرنگ کرنے والے 2 مشتبہ افراد بھی مارے گئے ہیں۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں ایک کار سے اترنے والے دو افراد کو بس اسٹاپ پر کھڑے لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے دونوں مشتبہ حملہ آور ڈیوٹی سے گھر جانے والے پولیس اہلکاروں اور وہاں موجود ایک مسلح راہگیر کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔

مرنے والوں میں 73 سالہ جج ربی ایلیملیک وزرمین بھی شامل ہے جو اشدود کی مذہبی عدالت میں تعینات تھے، جب کہ باقی دونوں خواتین ہیں، جن میں ایک 60 سالہ پرنسپل چنا افرگن شامل ہیں۔