اسرائیل نے حماس کے چند اہم رہنماؤں کو ہدف بنا لیا

خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے حماس کے چند اہم رہنماؤں کو ہدف بنا لیا ہے۔

روئٹرز کے مطابق صہیونی حکومت نے غزہ میں حماس کے ساتھ عارضی جنگ بندی کے بعد دوبارہ جارحانہ حملے شروع کرتے ہوئے اپنے طویل مدتی اہداف معین کر لیے ہیں۔

ٹارگٹ کلنگ کی اس فہرست میں تنظیم کے عسکری ونگ کے سربراہ 58 سالہ محمد ضیف، تنظیم سیاسی و عسکری دفتر کے اعلی رکن 58 سالہ مروان عیسیٰ اور تنظیم کے اعلیٰ رہنما 61 سالہ یحییٰ السنوار شامل ہیں۔

حماس کے ذرائع کے مطابق یہ تینوں رہنما حماس کی فوجی کارروائیوں کو کنٹرول کر رہے ہیں اور غزہ کے نیچے بنے بنکروں سے قیدیوں کے تبادلے کے لیے مذاکرات کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔

ان رہنماؤں نے 7 اکتوبر کے حملے کی نہ صرف منصوبہ بندی کی بلکہ اسے انجام دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا، جس کی وجہ سے اسرائیل نے حماس کے ان اہم رہنماؤں کو قتل کرنے کے لیے پلاننگ مکمل کر لی ہے۔

قطر کی ثالثی میں سات روزہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد جمعہ کو غزہ میں دوبارہ جنگ شروع ہو گئی ہے، روئٹرز کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی جارحیت اس وقت تک رکنے کا امکان نہیں جب تک حماس کے ان تین اعلیٰ کمانڈروں کو قتل یا گرفتار نہیں کیا جاتا۔