کراچی میں گیس کی قلت سے پریشان صنعت کاروں نے احتجاجاً تمام صنعتیں بند کردی ہیں۔
گیس کی قلت کی وجہ سے صنعتی پیداوار نہ ہونے کے برابر ہے، اس لیے کراچی میں قائم ساتوں انڈسٹریل زونزکو آج احتجاجا بند کردیا گیا۔
بزنس مین گروپ کے نائب چیئرمین جاوید بلوانی نے کہا کہ گیس کی عدم فراہمی سے صنعتی پیداوار بند ہوگئی اس لیے مزدوروں کو فیکٹری آنے سے منع کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کے کاروباری حب کراچی کے صنعتکاروں نے پیداوار مکمل طور بند کرنے کا اعلان کیا تھا تاکہ نگراں حکومت کو گیس کے نرخوں میں غیر معمولی اضافے کو واپس لینے پر مجبور کیا جاسکے۔
کاروباری افراد نے پہلے ہی تمام ٹریڈ ایسوسی ایشن کے باہر احتجاجی بینرز آویزاں کر رکھے ہیں جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ گیس کے نرخ 2100 تا 2600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے بجائے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگر) کی جانب سے منظور کردہ ایک ہزار 350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر لائے جائیں۔