لاہور: سوئی ناردرن گیس کمپنی نے موسم سرما میں صارفین کو گیس فراہمی کے اوقات کار تبدیل کر دیئے، گھریلو صارفین کو گیس فراہمی کے لئے مزید تین گھنٹے وقت بڑھا دیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں آٹھ کی بجائے 11گھنٹے تک گیس دینے کا شیڈول بنایا گیاہے۔ ناشتے کے اوقات میں صبح ساڑھے پانچ سے 9 بجے تک پریشر کے ساتھ گیس فراہم کی جائے گی۔
دوپہر کھانا پکانے کے اوقات میں 12 بجے سے لے کر دوپہر اڑھائی بجے تک گیس فراہم کی جائے گی۔ شام میں کھانا پکانے کے لئے ساڑھے چار بجے سے رات 9 بجے تک پریشر کے ساتھ مسلسل گیس فراہم کی جائے گی۔
دیگر اوقات میں گیس پریشر کو تیس سے چالیس فیصد تک کم کیا جائے گا۔رات دس سے صبح پانچ بجے تک مکمل شٹ ڈاؤن کر دیا جائے گا۔