چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جوڈیشل کمیشن کے رولزمیں ترمیم پر تیار ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ججز کی تقرری کے حوالے سے چیف جسٹس کے صوابدیدی اختیارات ختم کیے جانے کا امکان ہے۔
سینئیر وکیل اور جوڈیشل کمیشن کے ممبر اختر حسین نے بتایا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ججز تقرری کلے حوالے سےاپنے صوابدیدی اختیارات چھوڑنے کو تیار ہیں۔
اختر حسین نے بتایا کہ جوڈیشل کمیشن کے رولز میں تبدیلی کے حوالے سے چیف جسٹس نے کمیٹی قائم کردی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رولز میں ترمیم کے بعد جوڈیشل کمیشن کا کوئی بھی ممبر اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تقرری کے حوالے سے نامزدگی کر سکے گا۔
اس سے قبل یہ اختیار صرف چیف جسٹس پاکستان اور صوبائی ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز کے پاس ہوتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے اندر صرف صوبائی چیف جسٹسز نہیں ہوں گے بلکہ بار کونسلز کے نمائندے بھی کمیشن میں موجود ہوں گے۔
خیال رہے کہ بار کونسلز اور وکلاء ایسوسی ایشنز کا مطالبہ رہا ہے کہ ججز کی تقرری میں چیف جسٹس کے صوابدیدی اختیار کو ختم کرکے جوڈیشل کمیشن میں موجود تمام اراکین کو نامزدگیوں کا اختیار دیا جائے۔