ایف بی آر کے 10ہزار سے زائد افسران ٹیکس نان فائلر نکلے

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے 10 ہزار سے زائد افسران کا ٹیکس فائلر نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے 10 ہزار ملازمین نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے، ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے بیشترافسران گریڈ 17 سے اوپر کے ہیں، ایف بی آر نے تاحال ملازمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر میں 25 ہزار سے زائد ملازمین تعینات ہیں، ایف بی آر میں گریڈ 17 سے اوپر افسران کی تعداد 1700 سے زائد ہے، 2022 میں گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے نان فائلر افسران کی تعداد تقریبا 500 سے زائد تھی۔

تاہم 2023 میں اس کیٹگری میں نان فائلرز کی تعداد اب بھی 300 ہے، صرف 1400 افسران نے 31 دسمبر تک ٹیکس جمع کرانے کی مدت میں خصوصی توسیع کے باوجود اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں۔

یہ صورتحال اعلیٰ عہدے پر فائز افسران کی جانب سے ٹیکس کی عدم ادائیگی کے مستقل مسئلے کو نمایاں کرتی ہے۔

ٹیکس سال 2023 میں اِن لینڈ ریونیو سروس نے افسران میں ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی شرح 88 فیصد دیکھی جبکہ کسٹمز گروپ افسر کے زمرے میں یہ شرح 80 فیصد ہے۔

2023 میں اِس شرح میں نسبتاً اضافے کی وجہ ایف بی آر کے چیئرمین کی طرف سے دی گئی خصوصی توسیع کو قرار دیا جاتا ہے، جس کے تحت ملازمین کو 31 دسمبر تک اپنے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔