اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے بینکوں کی ونڈفال آمدن پر 40 فیصد ٹیکس کیخلاف حکم امتناع میں 26 جنوری تک توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے بینکوں کی ونڈفال آمدن پر40 فیصد اضافی ٹیکس کے خلاف کیس کی سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے، ایف بی آر وکیل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے دائر کی گئی درخواست کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر دیا۔
ایف بی آر کے وکیل نے کہا کراچی کی درخواستیں اسلام آباد میں نہیں سنی جاسکتیں ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بھی اس موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا جو معاملہ کراچی کا ہے وہ اسلام آباد میں کیسے سنا جاسکتا ہے؟
عدالت نے دائرہ اختیار کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا تفصیلی آرڈر میں کراچی کی درخواستیں سننے کی وجوہات جاری کریں گے، عدالت نے حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت26 جنوری تک ملتوی کردی۔
یاد رہے ونڈفال آمدن پر اضافی ٹیکس کے خلاف درخواست عسکری بینک نے دائرکررکھی ہے۔