اسلام آباد : پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کو آئندہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بڑھانے کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے آئندہ مالی سال کے دوران آئی ایم ایف کو پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بڑھانے کی یقین دہانی کرادی گئی۔
ایم ای ایف پی دستاویز میں بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کا ہدف ایک ہزار پینسٹھ ارب روپے تک مقرر کیا جائے گا، رواں مالی سال پٹرولیم لیوی کا ہدف آٹھ سو انہتر ارب روپے سے بڑھا کر نو سو اٹھارہ ارب کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران فی لیٹر پٹرولیم مصنوعات پر لیوی بڑھائی جا سکتی ہے، منتخب حکومت سے پہلے اگر یہ فیصلہ کیا گیا تو آرڈیننس بھی لایا جا سکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی کھپت بڑھنے سے بھی نو سو آٹھارہ ارب روپے لیوی کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔
دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کیلئے مزید لیوی بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا ہے، وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف ،ایم ای ایف پی ڈرافٹ میں ہدف بڑھانے پر متفق ہیں۔