پاور ڈویژن نے بجلی کے لاکھوں صارفین سے زائد بلنگ کا اعتراف کرلیا

پاور ڈویژن نے بجلی صارفین سے اووربلنگ کے معاملے پر نیپرا رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے لاکھوں صارفین سے زائد بلنگ کا بھی اعتراف کرلیا۔

پاور ڈویژن نے نیپرا کی تحقیقاتی رپورٹ پر ابتدائی رپورٹ مرتب کی ہے، جس میں زائد بلنگ، خراب میٹرز اور صارفین کے سلیب تبدیل ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

رپورٹ میں پاور ڈویژن نے نیپرا ٹیم کے طریقے کار کو غلط اور غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیپرا رپورٹ میں کوالٹی کنٹرول اور ڈیٹا پروسیسنگ کی غلطیاں ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں 45 لاکھ سے زیادہ بجلی صارفین کو 31 دن سے زائد کے بل بھیجے گئے، ان میں 40 لاکھ صارفین کو 32 سے 34 دن کے بل بھجوائے گئے، 3 لاکھ 81 ہزار 510 خراب میٹرز سے زائد بلنگ ہوئی، جولائی میں 45 لاکھ 43 ہزار 717 صارفین کو زیادہ دن کے بلز بھیجے گئے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی میں سلیب کی تبدیلی سے 8 لاکھ 46 ہزار 468 صارفین متاثر ہوئے، ایک لاکھ 98 ہزار 166 صارفین پروٹیکٹڈ سینان پروٹیکٹد میں چلے گئے، جولائی میں 11 ہزار 276 لائف لائن سے نان لائف لائن میں چلے گئے۔

رپورٹ میں بتا گیا کہ اگست میں 55 لاکھ 74 ہزار 275 صارفین کو زیادہ دن کے بلز بھیجے گئے، اگست میں سلیب کی تبدیلی سے 8 لاکھ 25 ہزار 562 صارفین متاثر ہوئے، ایک لاکھ 13 ہزار 879 صارفین سے پروٹکیڈ سے نان پرویکٹڈ میں چلے گئے، اس مہینے میں 6 ہزار 217 صارفین سے لائف لائن سے نان لائف لائن میں چلے گئے۔