منی لانڈرنگ اور مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل حکام نے عدالت میں پیش کر دی۔
ایف آئی اے کی سپیشل سینٹرل کورٹ کے جج تنویر احمد شیخ نے چودھری پرویز الہٰی کیخلاف منی لانڈرنگ اور مشکوک ٹرانزیکشنز کے کیس کی سماعت کی، سابق وزیراعلیٰ کے وکیل عامر سعید راں ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
اڈیالہ جیل حکام نے چودھری پرویز الٰہی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ پرویز الہٰی کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکتا، سابق وزیراعلیٰ کی طبیعت ناساز ہے وہ سفر نہیں کر سکتے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الہٰی سے متعلق رپورٹ طلب کر لی، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ مونس الہٰی کو لندن میں نوٹس بھجوانے کی رپورٹ پیش کی جائے۔
بعدازاں عدالت نے چودھری پرویز الہٰی اور ان کے فرزند مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ اور مشکوک ٹرانزیکشنز کیس کی سماعت 4 جنوری تک ملتوی کر دی۔