بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سول جج قدرت اللہ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکیل رضوان عباسی نے موقف اختیار کیا کہ ہمارے پاس اس کیس میں 4 گواہ ہیں، چاروں گواہوں کے بیانات ایک ہی دن کرا سکتے ہیں، انہیں پیش کرنے کیلئے ہمیں تاریخ دی جائے۔
سول جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیئے کہ چلیں اسے دیکھ لیتے ہیں اور بعد ازاں کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔
وقفے کے بعد سول جج قدرت اللہ نے کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان اکرم راجہ پیروی کریں گے جبکہ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل نے وکالت نامہ جمع کرا دیا ہے۔