مہمند اکنامک زون ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیراہتمام ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے لئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بالخصوص ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لئے ترقیاتی حکمت عملی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔
پشاور پریس کلب کے صدر اور مختلف میڈیا ہاؤسز کے علاؤہ ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والے صحافیوں پر مشتمل وفد کو مہمند اکنامک زون کا معلوماتی دورہ کروایا گیا۔ اِس موقع پر جاری اُور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی اُور صحافیوں کو مختلف صنعتوں کا دورہ بھی کروایا گیا جہاں اُنہوں نے صنعتکاروں اُور مزدوروں سے بات چیت کی۔
تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو خیبر پختونخوا میں مختلف مقامات پر "کے پی ای زیڈ ڈی ایم سی" کے جاری ترقیاتی امور اُور اقدامات سے آگاہ کرنا تھا، جو خیبرپختونخوا اُور قومی معاشی ترقی کو ذہن میں رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی ہے۔
کے پی ای زیڈ ڈی ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جاوید اقبال خٹک نے سینئر مینجمنٹ ٹیم کے ہمراہ اکنامک زون میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے جامع اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ سترہ صنعتیں مہمند اکنامک زون میں فعال ہیں جبکہ اِسے زون اے اُور بی کی الاٹمنٹ مکمل ہو چکی ہے اُور زون سی کی الاٹمنٹ کا عنقریب آغاز کر دیا جائے گا۔ مہمند اکنامک زون میں خوردنی تیل، خوراک اور مشروبات، سنگ مرمر اور تعمیراتی کاموں سے متعلق صنعتیں قایم ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو مہمند اقتصادی زون کے مختلف حصوں کی سیر بھی کروائی گئی تاکہ وہ زمینی حقائق سے خود آگاہ ہو سکیں۔
پشاور پریس کلب کے صدر اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے "پی ای زیڈ ڈی ایم سی" کے عزم اُور کارکردگی کو سراہا، خاص طور پر جاوید خٹک کی دور اندیش قیادت میں جاری ترقیاتی کاموں کے معیار پر تسلی کا اظہار کیا۔ صحافیوں کے وفد نے خیبر پختونخوا میں صنعت کاری کو فروغ دینے میں کے پی ای زیڈ ڈی ایم سی کی کوششوں کو سراہا جس کی وجہ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
کیٹگری: کا ر و بار