اسکل ویریفکیشن پروگرام : سعودی عرب میں ملازمت کے لئے کیا سوالات پوچھے جاتے ہیں

سعودی عرب کے لیبر حکام نے ایک اسکیم کے تحت پیشہ ورانہ تصدیقی پروگرام کو 160 ممالک تک پھیلانے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کا مقصد مملکت میں ملازمت کرنے والے کارکنوں کی مہارت کو جانچنا اور لیبر مارکیٹ کو منظم کرنا ہے۔

یہ پروگرام اس سال کے شروع میں سعودی وزارت برائے انسانی وسائل نے وزارت خارجہ کے تعاون سے شروع کیا تھا، اور اسے بتدریج 62 ممالک میں لاگو کیا گیا ہے۔

پروگرام میں عملی اور نظریاتی تیسٹ شامل ہیں جو پیشہ ورانہ زمروں کے 23 سیٹوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

اس ٹیسٹ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، اول یہ کہ آپ کی مہارت عملی طور پر جانچی جائے گی،جبکہ دوسرے حصے میں متعدد انتخابی سوالات کے ساتھ اہلیت پر مبنی نظریاتی امتحان لیا جائے گا۔

ٹیسٹ دینے والے کے لیے کوئی حد مقرر نہیں ناکامی کی صورت میں وہ دوبارہ اپلائی کرکے کوشش کرسکتا ہے۔ تیصت دینے والوں کیلئے عمر کی کوئی حد بھی مقرر نہیں کی گئی ہے۔

سعودی عرب میں کام کے خواہش مند کارکن کے ویزا کا اجراء یہ ٹیسٹ پاس کرنے سے جوڑا گیا ہے۔

انسانی وسائل کی وزارت میں پیشہ ورانہ ایکریڈیٹیشن پروگرام کے سربراہ نواف العیادی کا کہنا ہے کہ ’پیشہ ورانہ تصدیقی پروگرام پلمبنگ، بجلی وغیرہ جیسے پیشوں میں مزدوروں کیلئے ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام چار اہم ممالک ہندوستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور پاکستان کیلئے شروع کیا گیا ہے۔

یہ اسکیم مملکت کی لیبر مارکیٹ میں کارکنوں کے معیار کو بہتر بنانے، پیشہ ورانہ خدمات اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے اور مملکت تک غیر ہنر مند افرادی قوت کی رسائی کو روکنے کے لیے وزارت انسانی وسائل کی کوششوں کا حصہ ہے۔