پشاور ہائیکورٹ کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کیخلاف 5 کیسز میں کاکارروائی نہ کرنے کا حکم ۔
تفصیلات کے مطابق شیرافضل مروت کی مختلف کیسز میں ضمانت کی درخواستوں پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سماعت کی ، جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی بنچ میں شامل تھے ،شیر افضل مروت کے وکیل نوروز خان ایڈوکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست گزار کو کل رات لاھور کے کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا اس وجہ سے وہ آج پیش نہیں ہو سکے ، چیف جسٹس نے درخواستگزار وکیل سے استفسار کیا کہ ان کے خلاف کتنے کیسز ہیں ،وکیل نے بتایا کہ ان کے خلاف 5کیسز ہیں ۔
عدالت نے درخواست گزار کے خلاف آئندہ سماعت تک کارروائی نہ کرنے کا حکم دیا ، جس پر ایڈوکیٹ جنرل خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ درخواست گزار عدالت میں موجود نہیں ہے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلہ موجود ہے،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ ہم قانون کے مطابق چلتے ہیں, ہم نے صرف کارروائی کی حد تک کہا ہے،چیف جسٹس نے درخواست گزار وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست گزار کی صحت تو ٹھیک ہے نا, وہ آئندہ سماعت پر پیش ہو سکتے ہیں ؟ایڈووکیٹ نوروز خان نے کہا کہ ایک ہفتے کا وقت دیا جائے, آئندہ سماعت پر پیش ہوجائے گے،عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر وہ پیش ہوجائیں اور اپنی حاضری لگالیں ، عدالت نے سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کردی۔