وزارت خزانہ نے گورنمنٹ پاور پلانٹس کیلئے رواں ہفتے 130 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق واپڈا کیلئے 83 ارب، جینکو ٹو کیلئے 26 ارب اور جینکو تھری کیلئے 3 ارب جاری ہوں گے۔ رواں مالی سال کے اختتام تک گورنمنٹ پاور پلانٹس کو 260 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 130 ارب روپے کی بقایا رقم گورنمنٹ پاور پلانٹس کو آئندہ سہہ ماہی کے دوران جاری ہو گی، مالیاتی مشکلات کے باوجود وزارت خزانہ وزارت توانائی کو 130 ارب روپے رواں ہفتے دے گی۔
وزارت توانائی پرائمری بیلنس کا ہدف پورا کرنے کیلئے وزارت خزانہ کا ساتھ نہیں دے رہی۔ وزارت خزانہ نے تجویز دی ہے کہ وزارت توانائی پاور پلانٹس کو رقم ادا کرے اور پاور پلانٹس قرض رقم واپس کریں۔
گورنمنٹ پاور پلانٹس گیس کمپنیوں کو رقم ادا کرے اور گیس کمپنیاں ڈیوڈنڈ سرکاری خزانہ میں جمع کرائیں۔ وزارت توانائی رواں سہہ ماہی اور آئندہ سہہ ماہی کے دوران رقم حاصل کر کے گردشی قرضہ کم کرے۔
مالیاتی مشکلات کے باوجود وزارت توانائی حکام وزارت خزانہ کی تجویز ماننے سے انکاری ہیں۔