پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کے معاہدوں پر دستخط

 پاکستان اور  ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان ایک ارب 20 کروڑ ڈالر قرض کے معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام نے پاکستان کے ساتھ معاہدوں کی تصدیق کر دی۔

اے ڈی بی حکام کے مطابق پاکستان کے ساتھ معاہدوں میں بجٹ فنانسنگ، ڈومیسٹک ریسورس موبلائزیشن کے منصوبے شامل ہیں، اس کے علاوہ خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنانے سمیت مجموعی طور پر 6 منصوبے شامل ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان معاہدوں پر گزشتہ جمعےکو دستخط ہوئے تھے۔

دوسری جانب عالمی بینک نے بھی پاکستان کے لیے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک سے پاکستان کو مجموعی طور پر ایک ارب 55کروڑ ڈالر ملیں گے۔

عالمی بینک کے مطابق پاکستان کیلئے قرض کی منظوری رائز ٹو پروگرام کے تحت دی گئی، قرض کی فراہمی کا مقصد پاکستانی مالیاتی انتظام، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کیلئے مسابقت کو فروغ دینا ہے۔