سانحہ 9 مئی کے حوالے سے عسکری ٹاور حملہ اور راحت بیکری چوک میں پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت خارج کر دی گئی ۔
انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے درخواست پر سماعت کی ، عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست ضمانت خارج کی ہے ،ڈاکٹر یاسمین رشد کے وکلاء دلائل کیلیے پیش نہیں ہو رہے تھے، پی ٹی آئی رہنما نے 2 مقدمات میں بعد از گرفتاری درخواست ضمانت دائر کر رکھی تھی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر پر عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد پر عوام کو فسادات پر اکسانے اور بغاوت کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے،تھانہ گلبرگ نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر کیخلاف مقدمہ نمبر 1271/23 درج کر رکھا ہے،تھانہ سرور روڑ نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر کیخلاف مقدمہ نمبر 108/23 درج کر رکھا ہے۔