عالمی تیل قیمتوں میں اضافہ، لیکن پاکستان میں پیٹرول سستا ہونے کا امکان حکومت پیٹرولیم صارفین کو مزید ریلیف دینے کے لیے تیار ہے۔

مہنگائی کے بوجھ تلے دبے پاکستانی عوام کے لیے اچھی خبریہ ہے کہ حکومت پیٹرولیم صارفین کو مزید ریلیف دینے کے لیے تیار ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 72 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔

تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں تقریبا ایک روپے فی لیٹر کا معمولی اضافہ متوقع ہے،جس کی وجہ بین الاقوامی ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہے۔

ان ایڈجسٹمنٹس پر عمل درآمد سے پاکستان میں پیٹرول کی نئی قیمت 265.62 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت متوقع اضافے کے بعد 277.21 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں متوقع کمی گزشتہ پندرہ دنوں کے جائزے کے بعد سے بین الاقوامی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا نتیجہ ہے۔

پندرہ دسمبر کو قیمتوں کے تعین سے پہلے برینٹ کی قیمت کم ہوئی تھی جس میں دوبارہ اضافہ ہوا ہے لیکن یہ اب بھی 80 ڈالر سے نیچے ہے۔ نومبر کے اختتام پر برینٹ 85 ڈالر پر تھا اور اس کے بعد نیچے آیا لہذا حکومت نے پیٹرول 14 روپے سستا کیا ۔

اب چونکہ قیمتیں پرانی سطح پر نہیں گئیں اور روپیہ بھی مستحکم ہے تو پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کی توقع کی جارہی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا جس کا باضابطہ اعلان 31 دسمبر بروز اتوار رات 11 بجے کے بعد کیا جائے گا۔

ان نظر ثانی شدہ قیمتوں کا اطلاق لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور کراچی سمیت ملک بھر میں ہوگا۔